USMANIA USMANIA

Remarkable 100% Matric Result of Usmania High School Gujrat in Recent Matric Exams 2026

  • Home
  • News & Updates
  • Remarkable 100% Matric Result of Usmania High School Gujrat in Recent Matric Exams 2026
Remarkable 100% Matric Result of Usmania High School Gujrat in Recent Matric Exams 2026

Remarkable 100% Matric Result of Usmania High School Gujrat in Recent Matric Exams 2026

السلام علیکم ورحمتہ اللّٰہ و برکاتہ

محترم والدین! ہم عثمانیہ ویلفئیر سوسائٹی، عثمانیہ ہائی سکول گجرات کی انتظامیہ، اساتذہ اور سٹاف اللّٰہ تعالیٰ کا بے انتہا شکر ادا کر رہے ہیں کہ اللّٰہ تعالیٰ نے ہمیں ایک بار پھر میٹرک کے ایک بہترین رزلٹ سے نوازا ہے۔

آنسہ حیا فردوس نے 1068, آنسہ مہک کلثوم نے 1037, آنسہ حبا شہزادی نے 1001 اور آنسہ دعا فاطمہ نے 961 نمبر حاصل کر کے بالترتیب پہلی چار پوزیشنز حاصل کی ہیں۔

میں اس کامیابی پر اللّٰہ کا شکر ادا کرنے کے بعد تمام کامیاب طلباء و طالبات، ان کے والدین اور خاص طور پر ان کے اساتذہ کو اپنی اور عثمانیہ ویلفئیر سوسائٹی کی طرف سے  بہت بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللّٰہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ اللّٰہ تعالیٰ ہمیں ثابت قدمی سے خدمت کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں اسی طرح مزید کامیابیاں عطا فرمائے۔ آمین

شاید کچھ افراد کی نظر میں یہ ایک بڑی کامیابی نہ ہو مگر یہ کامیابی صرف چند بچوں کی کامیابی نہیں ہے، یہ ان بچوں سے بے لوث محبت، ان کی بے پناہ دیکھ بھال،  بے شمار معاشی و معاشرتی مسائل میں ان کے حوصلے اور ان کے اساتذہ کی ثمر آور کاوشوں کی کامیابی ہے۔ 

ماسوائے چند اچھے بچوں کے جو کہ اپنی تعلیمی دل لگی اور اپنے حالات کی وجہ سے اچھی کارکردگی دکھا رہے تھے، ان طلباء میں کوئی یتیم شامل ہے جو اپنے ماں اور باپ کو کھو کر تنہائی، یتیمی اور شدید احساس عدم تحفظ کا شکار تھی، کوئی معاشرتی بے حسی اور شدید احساس کمتری کا شکار تھی، کوئی اپنی ہی چھوٹی بہن کو اپنی آنکھوں کے سامنے موت کی دلدل میں داخل ہوتے دیکھ کر شدید نفسیاتی اور جذباتی کمزوری کا شکار تھی، کوئی اپنے گھر کے کمزور مالی حالات کی بدولت دل برداشتہ ہو کر تعلیم چھوڑنے کے در پے تھی، کوئی اپنے گھر والوں اور معاشرتی بے اعتنائی اور طنز و تشنیع کے آگے ہتھیار ڈال کر شدید عدم تحفظ اور احساس کمتری کا شکار تھی، کوئی طنز و تشنیع کے باعث بغاوت اور خودسری کا شکار تھی، کوئی گھریلو حالات سے دل برداشتہ ہو کر الجھن اور مستقبل کے حوالے سے بے حوصلگی کا شکار تھا، غرض یہ بچے کمزور معاشرتی حالات کی وجہ سے مختلف مسائل کا شکار تھے۔(یہاں بچوں کی عزت نفس کی خاطر ان ناموں کو نہیں لکھا جا رہا)

ان طلباء کی کامیابی ایک حوصلے کی تاریخ ہے جو معاشرے کی بے حسی، گھرانوں کی پریشانیوں، معاشی مسائل، معاشرتی مسائل، اور نفسیاتی مسائل کا شکار تھے۔ جن کو ہماری ویلفیئر سوسائٹی کے پلیٹ فارم کے ذریعے ہماری پرنسپل اور اساتذہ نے  محدود وسائل کے ساتھ سنبھالا۔ ان کے حوصلے بلند کئیے، ان کی پریشانیوں میں ان کی دلجوئی کی، استحصال و مصائب کے مقابلہ میں ان کو کھڑا رہنے کی ہمت دی، جہاں ضرورت محسوس ہوئی ان کے والدین کی فکری اور تربیتی راہنمائی کی، ان طلباء کی ذہنی اور فکری تربیت کے ذریعے ان کو اس امتحان کے لئے تیار کیا اور ان کو اس امتحان میں اتار کر اللّٰہ سے ان کی کامیابی کی دعائیں کیں۔

اس لئے یہ کامیابی صرف چند نمبروں کے حصول کی کہانی نہیں یہ ایک تاریخ ہے جسے عثمانیہ ویلفئیر سوسائٹی کی معاشرتی تربیت کے حوالے سے کامیابیوں میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

میں ایک دفعہ پھر اللّٰہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ اللّٰہ ہمیں اور ہمارے ساتھ منسلک تمام افراد اور رضاکاروں کی کاوشوں کو قبول فرمائے اور ہمیں مزید کارخیر کی توفیق عطا فرمائے آمین 


آپ سب کے لئےدعا گو 

محمد سیف اللّٰہ خان